کولکاتہ،20؍دسمبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) ہفتوں کی قیاس آرائیوں کو ختم کرتے ہوئے ٹی ایم سی کے باغی لیڈر شوبھندو ادھیکاری نے سنیچر کو امیت شاہ کی موجودگی میں مختلف پارٹیوں کے 9؍ اراکین اسمبلی اور ٹی ایم سی کے ایک رکن پارلیمان کے ساتھ بی جےپی میں شمولیت اختیار کرلی۔ مختلف پارٹیوں کے باغیوں کا بی جےپی میں خیر مقدم کرتے ہوئے امیت شاہ نے طنز کیا کہ الیکشن آتے آتے ٹی ایم سی میں ممتا بنرجی ہی اکیلی رہ جائیں گی۔اس کے ساتھ ہی انہوں دعویٰ کیا کہ اسمبلی انتخابات میں زعفرانی پارٹی ۲۹۴؍ میں سے ۲۰۰؍ سیٹیں جیتے گی۔ شوبھندو ادھیکاری نے اپنی سابقہ پارٹی کو ’’غداروں کی پارٹی‘‘ قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ مغربی بنگال میں اگلی حکومت بی جے پی کی بنے گی۔
باغیوں کا خیر مقدم کرتےہوئے امیت شاہ کا طنز: مدناپور میں ایک ریلی میں باغیوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے امیت شاہ نے ممتا بنرجی کو نشانہ بناتے ہوئے پوچھا کہ ’’اتنے سارے لوگ دیدی کو کیوں چھوڑ رہے ہیں؟پھر خود ہی جواب دیتےہوئے بتایا کہ یہ سب ممتا بنرجی کی بد انتظامی ، بدعنوانی اور اقرباء پروری کی وجہ سے ہورہا ہے۔‘‘ انہوں نے ٹی ایم سی سربراہ کو للکارتے ہوئے کہا کہ ’’دیدی یہ تو صرف شروعات ہے، الیکشن آتے آتے تم اکیلی ہی رہ جاؤگی۔‘‘
کون کون بی جےپی میں شامل ہوا : میڈیا میں آئی خبروں کے مطابق سنیچر کو امیت شاہ کی موجودگی میں بی جےپی میں شامل ہونے والوں میں ٹی ایم سی کے رکن پارلیمنٹ سنیل منڈل شامل ہیں۔ ان کے علاوہ ٹی ایم سی کے 5؍ ایم ایل اےبناسری میتی، شیل بھدر دتہ، بسوجیت کنڈو، سُکرا منڈا ،سائیکت پانجا اور دیپالی بسواس شامل ہیں۔ ان کے ساتھ ہی سی پی ایم کے ایم ایل اے تاپسی منڈل ا ور اشوک ڈنڈا نیز کانگریس کے پورلیا سُدیپ مکھرجی بھی بی جےپی میں شامل ہوئے ہیں۔
ٹی ایم سی پر ادھیکاری کا حملہ : ممتا بنرجی کا ساتھ چھوڑنے والے شوبھندوادھیکاری نے پارٹی میں ممتا کے بھانجے ابھیشیک بنرجی کو ملنے والی اہمیت کو بھی ترنمول کانگریس کے لیڈروں کی بے چینی کا سبب بتایا۔ا نہوں نے دعویٰ کیا کہ ریاست میں اگلی حکومت بی جےپی کی بنے گی۔